اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں رواں مالی سال مہنگائی کی شرح بڑھ کر 9.9 فیصد تک پہنچنے کا تخمینہ ظاہر کیا ہے۔ آئی ایم ایف کی جاری کردہ ورلڈ اکنامک آؤٹ لک 2026 رپورٹ میں پاکستان کی معاشی نمو، مہنگائی اور بے روزگاری سے متعلق تخمینے بھی پیش کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال پاکستان میں مہنگائی کی شرح 7.1 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ رواں مالی سال یہ شرح بڑھ کر 9.9 فیصد ہونے کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف کے تخمینے کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کی معاشی نمو 3.5 فیصد رہنے کی توقع ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) میں اضافے کی شرح 3.6 فیصد رہی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے ایک فیصد کے برابر رہنے کا تخمینہ ہے، جبکہ بے روزگاری کی شرح 6.5 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
عالمی معیشت کے حوالے سے آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی نمو 2025 میں 3.5 فیصد رہی، جو 2026 میں کم ہو کر 3.1 فیصد رہنے کی توقع ہے۔ تاہم، 2027 میں عالمی معاشی نمو دوبارہ بڑھ کر 3.4 فیصد تک پہنچنے کا تخمینہ ہے

